لاہور (نوائے وقت رپوٹرٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، معاشی حالات اور پارٹی امور پر بات چیت اور چودھری پرویز الٰہی کا بڑھتی ہوئی مہنگائی پر اظہار تشویش کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے پنجاب میں الیکشن تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے۔ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا صدر عارف علوی کا اقدام اس جانب پیشرفت ہے۔ تمام اداروں کا فرض ہے کہ اب الیکشن کیلئے ضروری تعاون کریں۔ ملک کے مفاد میں ہے کہ الیکشن کا عمل شفاف انداز سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان غریب عوام کی زندگیاں تباہ کر رہا ہے۔ نااہل حکمران ملک اور عوام پر رحم کھائیں اور اقتدار چھوڑ دیں شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے ڈالر کی اڑان اور مہنگائی کا طوفان شہباز سپیڈ سے عوام کو نگل رہا ہے۔ جن کو شہباز شریف کا تجربہ دیکھنے کا شوق تھا امید ہے ان کی تسلی ہو گئی ہو گی۔ عمران خان قوم، ملک اور آئین ک بالادستی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ عمران خان ہفتہ کے روز انتخابی مہم کے آغاز میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
الیکشن کا اعلان خوش آئند، تعاون کرنا اداروں کا فرض: پرویز الٰہی
Mar 04, 2023