لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی عدالت نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شامل تفتیش نہ ہونے کی بنیاد پر ایف آئی اے کی درخواست پر جاری کئے۔ ایف آئی نے فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ فرح گوگی نے کرپشن‘ رشوت ستانی اور غیر قانونی سیاسی اثر و رسوخ و دبائو کے ذریعے اربوں روپے کمائے اور پھر منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثہ جات بنائے۔ فرح گوگی نے سرکاری افسران پر دبائو کے ذریعے ٹھیکہ جات کے ٹینڈر غیرقانونی طورپر ایوارڈ کروانے کی مد میں بھی کروڑوں روپے بطور رشوت لئے۔ تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے نام پر اربوں روپے کے بنک اکائونٹ ملنے کا انکشاف ہوا۔
منی لانڈرنگ کیس: فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
Mar 04, 2023