ایتھنز (نوائے وقت رپورٹ) یونان میں مال بردار اور مسافر ٹرین کی ٹکر کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 62 ہوگئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے میں مرنے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد 10 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ یونان کی حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے مہلک ٹرین حادثے کے بعد تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔ یونانی وزیر ٹرانسپورٹ نے حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے بھی استعفی دے دیا ہے۔ یونانی وزیر اعظم نے بھی جائے حادثہ کے دورے میں کہا کہ حادثہ بظاہر انسانی غلطی سے پیش آیا ہے۔ دارالحکومت ایتھنز میں ٹرین حادثے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کو یونان کے شہر لاریسا کے قریب مسافر اور مال بردار ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں جبکہ 2 بوگیوں میں آگ لگی تھی۔ مسافر ٹرین میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے۔
یونان ٹرین حادثہ