مکہ مکرمہ: رمضان المبارک میں زائرین کی سہولت کیلئے آپریشنل پلان تیار

Mar 04, 2023


  مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ  (ممتاز احمد بڈانی+ اے پی پی) رمضان المبارک کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کرلیا گیا ہے۔  کرونا وبا کے بعد امسال ماہ رمضان المبارک کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت میں آئیں گے۔ یہ بات ادارہ امور حرمین کے ترجمان ھانی حیدر نے کہی۔ انکا کہنا تھا  زائرین کی سہولت کیلئے مرتب کی جانے والی حکمت عملی چار بنیادی نکات پر مشتمل ہے جس میں سب سے اہم زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے اضافی عملے کی تعیناتی اور راہداریوں کو خالی رکھنا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے ہی مخصوص ہوگا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کو مخصوص کیا گیاہے۔ سنت طواف ادا کرنے کیلئے جگہیں مخصوص کی گئی ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔ دوسری جانب حرمین ایکسپریس ٹرین انتظامیہ نے مکہ، مدینہ آنے جانے والے عمرہ زائرین کی سہولت کی خاطر رمضان  المبارک میں ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جدہ میں السلیمانیہ ریلوے سٹیشن سے مکہ کے لیے یومیہ ٹرینوں کی تعداد  58 کردی گئی ہے۔ جدہ سے مکہ و مدینہ کیلیے دو ٹرینیں فی گھنٹہ کی حساب سے شیڈول ہیں جبکہ رش کے دنوں میں ان کی تعداد بڑھا دی جائے گی۔
عمرہ زائرین

مزیدخبریں