اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے میں مدد دینے کے لیے زندگی کے تمام شعبوں بالخصوص تعلیم میں ان کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے سوائے چند ذہنی عوارض کے باہم معذور بچوں کو ریگولر سکولوں میں تعلیم دینے کے علاوہ انہیں ان کی صلاحیت و مہارت کے مطابق ملازمتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ یہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں 5ویں’’سیریبرل پالسی کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جسمانی اور ذہنی طور پر معذور بچوں کو معاشرے کی طرف سے دیکھ بھال اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے اور انہیں دوسرے بچوں کی طرح قبول کرنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔ کانفرنس میں روس، برازیل، ہالینڈ، سری لنکا، مصر اور متحدہ عرب امارات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
عارف علوی