مائی کراچی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، جاوید عالم اوڈھو


کراچی(کامرس رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مائی کراچی نمائش سے شہر میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، کچھ دنوں پہلے کراچی پولیس آفس پر افسوسناک حملہ ہوا،مگر پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے جواں مردی سے مقابلہ کیا،مگر اگلے دن 95 فیصد لوگوں نے پی ایس ایل کا میچ دیکھا،کراچی والوں نے زبردست ہمت اور جذبے کا مظاہرہ کیا،الحمداللہ اب کراچی کی امن وامان کی صورتحال بہتر ہے۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس نے یہ بات جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں کے سی سی آئی کی جانب سے جاری18ویں مائی کراچی نمائش میں افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر کراچی چیمبر طارق یوسف نے کہا کہ مرحوم سراج قاسم تیلی نے مائی کراچی کا آغاز کیا تھا،کوویڈ میں مشکلات کے سبب دوسال نمائش کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا،مائی کراچی ایکسپو کا مقصد مقامی مصنوعات کا فروغ ہے،کراچی چیمبر کے 26 ہزار سے زائد ممبران اس نمائش کو کامیاب بناتے ہیں،ڈالر کی قیمت میں اضافے سے معیشت کو نقصان ہوا ہے اورہم سب کو ملکر معاشی پلاننگ کرنی ہوگئی۔چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیر موتی والا نے کہا کہ دنیا کے کئی بڑے شہروں میں ناخوشگوار واقعات ہوتے ہیں،ہم تیار ہیں اور بھرپورمقابلہ کرینگے،قونصل جنرلز سے گذارش ہے کہ جو دیکھ رہے ہیں وہ اپنے ممالک کو بتائیں،،کراچی انٹرنیشنل شہرہے اوریہاں کاروبار اور زندگی بھرپور انداز سے چل رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں کم قیمت پر یہاں اسٹالز لگے ہوئے ہیں،ہم کراچی کا سافٹ امیج دنیا کو پیش کرتے ہیں،کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بڑا مسئلہ تھا جو اب حل ہورہا ہے،کے فور منصوبہ مکمل ہونے سے پانی کی کم ختم ہوگی،سندھ حکومت بہت بہتر کام کررہی ہے،مائی کراچی نمائش اتوار کے روز تک جاری رہے گی،نمائش میں مقامی تاجروں کے ساتھ ساتھ سری لنکا اورملائیشیا کے تاجر بھی شریک ہیں۔انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ پاکستان پر بھروسہ رکھیں اوربیرون ممالک جانے کے بجائے پاکستان میں رہ کر ہی کام کریں۔ مائی کراچی سالانہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔ 
جاوید عالم اوڈھو

ای پیپر دی نیشن