لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال برادری پی ایف ایف کے انتخابات سے پہلے ووٹنگ کے حقوق محفوظ بنانے کیلئے مزید وقت کی خواہاں ہے۔لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں کلبز اور ریفریز سمیت فٹبال کمیونٹی کے نمائندوں کی دوسری میٹنگ میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے دیگر ارکان بیرسٹر حارث عظمت، سعود ہاشمی اور شاہد نیاز کھوکھر کے ہمراہ بات کرتے ہوئے 15مئی کو انتخابی عمل شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا،انھوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے پیش رفت جاری ہے، پاکستان فٹبال کنیکٹ پروگرام میں ٹیکنالوجی س مدد لیتے ہوئے کلبز کی رجسٹریشن ہو چکی، سکروٹنی اپریل میں مکمل ہو جائیگی۔ ڈسٹرکٹ سطح پر انتخابات ہونگے۔شرکاء نے کہا کہ پی ایف ایف آئین کے مطابق فعال کلبز کی فہرست میں رجسٹریشن کیلئے انھیں مزید وقت درکار ہے، ہم کسی تکنیکی وجہ سے ووٹنگ کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ہارون ملک نے کہا کہ پی ایف ایف کے آئینی تقاضوں کے مطابق کلبز کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کیلئے مزید وقت کے بعد فٹبال برادری کی مشاورت سے حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا، کوشش ہے کہ سب کو انتخابات میں حصہ لینے کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ کلبز رجسٹریشن کی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے انتخابات کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلئے آئین کا ادراک رکھنے والے ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائیگی جس کیلئے نامزدگیاں طلب کرلی گئی ہیں، کمیٹی پی ایف ایف کیساتھ کام کرتے ہوئے جلد ازجلد الیکشن کا انعقاد ممکن بنانے کی کوشش کریگی، فٹبال برادری نے بوگس کلبز کے خاتمے کیلئے فزیکل سکروٹنی کا شفاف عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔ فٹبال برادری نے نارملائزیشن کمیٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طویل عرصہ سے چلے آنے والے پاکستان فٹبال کے مسائل حل ہونگے، صاف اور شفاف الیکشن کے بعد پاکستان فٹبال کی کمان آئین کے مطابق منتخب پی ایف ایف کانگریس کے حوالے کر دی جائیگی۔