کوئلہ کی دولت سے مالا مال تھر  کے عوام تباہ حال کیوں ؟ پاسبان 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی و دیگر نے کہا ہے کہ حکومتی نا اہلی اور بے توجہی کی وجہ سے تھرپارکر میں موت کا رقص جاری ہے۔پیپلز پارٹی کی وڈیرہ شاہی عوام کی فلاح و بہبود کا سارا بجٹ ہڑپ کر جاتی ہے۔ تھرپارکر کی عوام قحط سالی،غذائی قلت اور ضروری اشیائے زندگی سے محروم ہیں،حالات بدترین رخ اختیار کر چکے ہیں۔ بچوں کی اموات میں آئے دن اضافہ بھی حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگانے میں ناکام ہے۔ غذائی قلت اور ناکافی علاج معالجے کی سہولیات کی بناء پر سینکڑوںبچے ابدی نیند ہو چکے ہیں۔ پاسبان رہنمائوں نے سوال کیا کہ کوئلہ کی دولت سے مالا مال خطہ کے عوام تباہ حال کیوں ہیں؟ سندھ کے اس پسماندہ ترین علاقے میں اصلاح احوال کے لئے لفاظی کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔تھرپارکر کے عوام کی داد رسی کی جائے اور فوری بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ تھر کے معصوم بچوں کو مرنے سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ درد مند دل رکھنے والے افراد اور سماجی تنظیمیں آگے بڑھیں اور تھرپارکر کے عوام کی دل کھول کر مدد کرنے کے ساتھ ساتھ مستقل بنیادوں پر سندھ کے پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی، صوبائی رہنمائوں و ضلعی صدورسلیم چیمہ، ارشد آرائیں، حاکم علی پالاری اور نورمحمد چانڈیو نے مشترکہ بیان میں تھرپارکر میں غذائی قلت اور مختلف بیماریوں سے 148 سے زائد بچوں کی اموات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور اسے سندھ حکومت کی بے حسی اور لاپروائی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ تھر میں کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی سے پورا پاکستان فیض یاب ہوتا ہے لیکن تھر کے لوگوں کی زندگ پتھر کے دور میں رہنے والے لوگوں کی زندگی سے بھی بد تر ہے۔ کیا تھر کے لوگ انسان نہیں ہیں؟ شائدحکمرانوں کے پاس تھر کا مسائل میں لتھڑا ہوا چہرہ دیکھنے کی فرصت ہی نہیں۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اپنے دورِ اقتدار کے دوران صحرائے تھر کی حالتِ زار پر توجہ دینے کے صرف دعوے ہی کئے ، حقیقت میں کوئی عملی کام نہیں کیا۔ سندھ کی وڈیرہ شاہی کو نکیل ڈالے بغیر ناظم جوکھیو، تانیہ خاصخیلی، ام رباب اور سندھ کی دیگر مظلوم بیٹیوں کو انصاف نہیں مل سکتا۔ صحت و تعلیم کا کھربوں روپے کا بجٹ سندھ کے وڈیرے ، پی پی پی کی سرپرستی میں ہڑپ کر جاتے ہیں۔ کوٹہ سسٹم کی بنیاد پر سرکاری پوسٹوں پر براجمان عناصر سندھ کے ایک عام اور ذہین نوجوان کو آگے بڑھنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں#

ای پیپر دی نیشن