غزہ: امدادی ٹرک پر پھر بمباری، 43 شہید: رمضان میں جنگ بندی متوقع، فلسطینی وزیر خارجہ

غزہ‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی + آئی این پی) اسرائیل نے عالمی قوتوں کے متنبہ کرنے کے باوجود رفح پر حملے شروع کر دئیے اور 2 مختلف علاقوں کی رہائشی عمارتوں کو بمباری میں تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 43 فلسطینی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی رفح کے دو مختلف علاقوں پر کی گئی وحشیانہ بمباری میں تباہ ہونے والی دونوں عمارتوں میں درجن سے زائد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ امداد تقسیم کرنے والے ٹرک پر دیر البلاح میں بمباری سے 9 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ غزہ کی 23 لاکھ آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے امید ظاہر کی رمضان المبارک میں جنگ بندی پر اتفاق ہو سکتا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے تنقید کرتے کہا امداد پہنچنے سے روکنے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ غزہ میں خمس سے جھڑپ میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے، 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

ای پیپر دی نیشن