نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت نے اپنی افواج کے انخلا سے قبل مالدیپ کے قریب نیا بحری اڈہ تعمیر کرلیا۔ بھارتی بحریہ کے مطابق بھارت مالدیپ کے قریب ’سٹرٹیجک اہمیت‘ کے حامل جزائر پر اپنی افواج کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے ایک نئے اڈے کا افتتاح کرنے جارہا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ ہی دنوں میں مالدیپ سے بھارتی افواج کے انخلا کا آغاز ہونے والا ہے۔ گزشتہ سال محمد معیزو کے صدر منتخب ہونے کے بعد سے ہی مالدیپ اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ صدر معیزو نے ’’انڈیا آؤٹ‘‘ کا نعرہ لگایا تھا۔ صدر محمد معیزو نے بھارت کو مالدیپ میں موجود 89 سکیورٹی اہلکاروں کے انخلا کا الٹی میٹم دیا تھا۔ یہ اہلکار جاسوسی طیارے آپریٹ کرنے اور دیگر سرویلنس کے لیے مالدیپ میں موجود تھے۔ ان اہلکاروں کا پہلا دستہ 10 مارچ کو مالدیپ چھوڑ دے گا جبکہ دو ماہ کے اندر انخلا کا یہ عمل مکمل ہوجائے گا۔ بھارتی بحریہ کے جاری بیان کے مطابق نیا اڈہ خطے میں بھارت کی جانب سے آپریشنل نگرانی کو مزید وسعت دے گا۔ بھارت کے لکشدیپ جزائر پر تعمیر ہونے والے اس اڈے کا افتتاح 6 مارچ کو کیا جائے گا جس کے بعد یہاں تعینات بحری دستہ ایک ’خودمختار بحری یونٹ‘ میں بدل جائے گا۔