وزیر اعظم شہباز شریف 1988ء میں ایم پی اے، 90 ء میں ایم این اے منتخب ہوئے 

Mar 04, 2024

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی+رانا فرحان اسلم +خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف دوسری بار اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ شہباز شریف 1950 میں لاہور میں پیدا ہوئے، وہ میاں شریف کے دوسرے صاحبزادے اور تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے میاں نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔ شہباز شریف کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی، عملی سیاست میں ان کا کیریئر بہت شاندار ہے جو چار دہائیوں پر مشتمل ہے۔ 1985 میں شہباز شریف لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر منتخب ہوئے۔ جبکہ 1988 میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اسمبلی کی یہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی اسے 1990میں تحلیل کردیا گیا۔ میاں شہباز شریف 1990 سے لے کر 1993 کے دوران قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، 1993میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996تک پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رہے۔ 1997میں شہباز شریف تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیر اعلی منتخب ہوئے، یہ اسمبلی بھی 1999 میں فوجی مداخلت کے سبب تحلیل کردی گئی۔ پنجاب حکومت مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہی ختم کردی گئی اور آپ کو قید کرلیا گیا، بعدازاں جبری طور پر جلاوطن کردیا گیا۔2007 میں 8 برس جلا وطنی میں گزارنے کے بعد واپس پاکستان آئے اور 2008 میں چوتھی مرتبہ بھکر سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی اور دوسری بار صوبے کے وزیراعلی بنے۔مئی 2013 کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی، صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی۔159، پی پی۔ 161، پی پی۔247) اور (این اے۔129) کی ایک قومی نشست پر کامیاب قرار پائے تاہم انہوں نے پی پی۔159 کی نشست برقرار رکھی نتیجتا وہ تیسری مرتبہ ریکارڈ حیثیت میں وزیر اعلی پنجاب منتخب ہوئے۔ 2018 میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے۔ 2018 کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے 4 حلقوں (این اے-249 کراچی، این اے-132 لاہور، این اے-3 سوات اور این اے-192 ڈیرہ غازی خان) سے الیکشن لڑے۔رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب لڑا جس میں بانی پی ٹی آئی 176 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے اور شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، بعدازاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد ہوئے۔ اپریل 2022 میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا۔11 اپریل کو قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کر لیا جس کے بعد شہباز شریف پہلی بار وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تاہم شہباز شریف کا بطور وزیراعظم پہلا دور صرف 16 ماہ تک محدود رہا۔ اب ایک بار پھر 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اور نئی قومی اسمبلی تشکیل ہونے کے بعد وہ دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں