شہباز شریف دوسری مرتبہ وزیراعظم بنے، بطور وزیراعلٰی ناقابل یقین میگا پراجیکٹس مکمل کئے

Mar 04, 2024

اسلام آباد (عزیز علوی سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزازحاصل کرلیا۔ قبل ازیں میاں محمد نواز شریف تین مرتبہ اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید دو مرتبہ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ میاں محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سخت محنت کرکے ناقابل یقین میگا پراجیکٹس مکمل کئے۔ میٹرو بس سروس ان کا غریب شہریوں کیلئے بہترین سفری سہولت کا منصوبہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ وہ ہمیشہ علی الصبح جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے پہنچتے جس پر انہیں نہ صرف شہباز سپیڈ کا لقب ملا بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی متحرک و فعال شخصیت کی پذیرائی کے ساتھ گڈ گورننس اور میرٹ پر سرکاری امور کی انجام دہی کا ڈنکا بجا۔ پنجاب میں پولیس میں میرٹ پر بھرتیوں کی وجہ سے تھانہ کلچر تبدیل ہوا۔ انہوں نے تھانوں کو دارالامن کا درجہ دیا۔ میاں شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے آپ کو عوام کیلئے صرف خادم اعلیٰ کہا اور اپنی سادگی میں بھی بے مثال رہے۔ وزارت عظمیٰ کا اپریل 2022ء  میں پہلی بار منصب سنبھالا تو ان کے سیاسی مخالفین ڈھنڈورا پیٹتے رہے کہ وہ معیشت کی تباہ حالی نہیں سنبھال سکیں گے اور خدا نخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا جس کیلئے بار بار سری لنکا کی مثالیں تک دی جاتی رہیں۔ لیکن میاں شہباز شریف نے سیاسی مخالفین کو ناکوں چنے چبوا دیئے اور ملکی معیشت کو نہ صرف درست طور پر سنبھال لیا بلکہ معیشت کو شرح نمو کی ڈگر پر ڈال گئے۔ میاں محمد شہباز شریف اپنے بڑے بھائی قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے ہمیشہ دست و بازو بنے۔ ان سے سیاسی وفاداری دکھائی۔ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مخالفین یہ خواب ہی دیکھتے رہ گئے کہ مسلم لیگ (ن) سے (ش) نکلے گی یا وہ اپنے قائد سے سیاسی راستہ بدل لیں گے۔ میاں محمد شہباز شریف نے اپنے قائد کا شانہ بشانہ ساتھ دے کر اپنے سیاسی مخالفین کے ہمیشہ کیلئے منہ بند کردئیے۔ وزیرِ اعظم کا دوسری بار منصب سنبھالنے کے موقع پر بھی میاں محمد شہباز شریف کے سامنے بڑے بڑے چیلنج موجود ہیں۔ معیشت، مہنگائی، بیروزگاری، دہشتگردی، سیاسی چپقلش سمیت مسائل کے پہاڑ ہیں جنہیں سیاسی تدبر سے نمٹنے کی ان میں بے پناہ صلاحیت ہے۔ لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیر اعظم منتخب کرتے ہوئے قوم کو مکمل اعتماد ہے کہ میاں شہباز شریف ہی انتھک محنت اور تندہی سے امور حکومت چلاتے ہوئے ملک کو ان ان گنت مسائل کی دلدل سے احسن انداز میں نکالیں گے۔

مزیدخبریں