لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت شاہ حسین کے 436 ویں سالانہ عرس کے انتظامی امور کے جائزے کے لیے دربارکا دورہ کیا، مختلف عرس تقریبات،شاہ حسین صوفی کانفرنس،محافل کے انعقاد سماع، صوفی گائیکی کے امور سمیت سیکیورٹی، صفائی، لنگر اور زائرین کے لیے دیگر سہولیات کا جائزہ لیا، کنٹرول روم اور سی سی ٹی وی کیمرہ جات کے ذریعے زائرین کی آمدورفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف نے '' حضرت شاہ حسین صوفی کانفرنس '' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء نے سوسائٹی کو برداشت، تحمل اور بردباری سے آراستہ کیا۔ شاہ حسین سوسائٹی کو اخلاقی اعتبار سے مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے متمنی تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے انسان کو مسلسل جہد وجہد اور پیہم عمل کی تلقین کی۔ صوفیائے کرام امن کے علمبر دار اور انسان دوستی کے امین ہیں۔کانفرنس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور اوقاف حافظ محمد جاویدشوکت، صوبائی خطیب اوقاف مولانا مختار ندیم،شاہد حمید ورک،مفتی کریم خان،مولانا مفتی محمد عمران ،مولانا مسعود الرحمن، علامہ زوار حسین نعیمی و دیگر علماء و مشائخ و دیگر نے شرکت کی۔