لاہور(لیڈی رپورٹر)کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے زیرانتظام 21 ویں جے کیٹ امتحان کا انعقاد کیا گیا ،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے ہالز کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد ہارون حامد، ایڈیشنل کنٹرولر محمد نوید شاہین، ڈپٹی کنٹرولر محمد شاہد ندیم اور دیگر کے ہمراہ تھے۔مجموعی طور پر 4502 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جبکہ 156 غیر ملکی ڈاکٹرز بھی امیدوار تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ یہ امتحان صوبہ بھر کے تمام طبی اداروں میں پوسٹ گریجوایٹ کورسز میں داخلوں کیلئے منعقد کیا جاتا ہے، سیکرٹری صحت علی جان خان کی ہدایات کے مطابق معذور اور بیمار امیدواران کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر راشد قمر کا خصوصی تعاون رہا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد ہارون حامد کا کہنا تھا کہ شعبہ امتحانات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نتائج کا اعلان جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 48 گھنٹے کے اندر کر دے گا۔