لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے ملک بھر میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے اپنے عزم کے تحت ترسیلی نظام میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کے پروگرام کے ذریعے اپنے نیٹ ورک کی استعداد کو بڑھا کر ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔این ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے تازہ ترین پیشرفت کے تحت 220 کے وی گرڈ سٹیشن داؤد خیل میں چینی ساختہ 160 ایم وی اے 220/132 کے وی آٹو ٹرانسفارمر (T-4) کامیابی سے نصب کردیا ہے۔ مذکورہ 160 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کو کامیابی سے انرجائز کردیا گیا ہے۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا کہ یہ تیسرا ہائی پاور ٹرانسفارمر ہے جو ایک ماہ کے دوران تین مختلف گرڈ سٹیشنز میں نصب کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 220 کے وی گکھڑ اور اوکاڑہ گرڈ سٹیشنز پر دو ہائی پاور آٹوٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور اضافہ کیا گیا۔ گکھڑ گرڈ سٹیشن پر 160 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کو 250 ایم وی اے، 220/132 کے وی یونٹ سے تبدیل کیا گیا، جبکہ اوکاڑہ گرڈ سٹیشن پر ایک نیا 160 ایم وی اے 220/132 کے وی آٹو ٹرانسفارمر (T-3) نصب کیا گیا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے این ٹی ڈی سی نے مجموعی طور پر اپنی بجلی کی ترسیل کی استعداد میں اضافی 570 ایم وی اے کو شامل کیا ہے۔یہ منصوبے نیشنل ٹرانسمیشن ماڈرنائزیشن پراجیکٹ کے تحت مکمل کیے گئے ہیں، جس کیلئے مالی اعانت ورلڈ بینک نے فراہم کی ہے۔ یہ اضافہ پیسکو، لیسکو، گیپکو اور فیسکو ریجن میں بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرتے ہوئے، مذکورہ گرڈ سٹیشنز کی استعداد کو بڑھائے گا۔ اضافی استعداد سے نہ صرف صنعتی، زرعی اور گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ ترسیلی نظام بھی مزید مستحکم ہوگا۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے ان پراجیکٹس کو کامیابی سے مکمّل کرنے پر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔