گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں 350 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران 137کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 9 کمرشل، 1انڈسٹریل، 2زرعی اور351 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو2 لاکھ41 ہزار 388یونٹس ڈیٹکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 85لاکھ88 ہزار 935روپے بنتی ہے۔ شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو3 لاکھ، پھولنگر کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ 54ہزار 700 روپے، اکبری گیٹ کے علاقے میں ایک ملزم کو 2لاکھ اور داتا دربار میں ایک ملزم کو1 لاکھ 50ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 172مکمل ہوگئے۔ اس دوران کل 59 ہزار 706ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54 ہزار 859ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار 795ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 83 لاکھ76 ہزار 400 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 99 کروڑ 73 لاکھ 35 ہزار 26 روپے بنتی ہے۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پر گیپکو ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن ہفتہ وار چھٹیوں کے باوجود جاری رہا۔ حالیہ آپریشن کے دوران 5ہزار 58سو سے زائد بجلی چوروں کو37کروڑ 20لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے جا چکے ہیں۔ پکڑے جانے والوں میں189زرعی، 196کمرشل، 41 انڈسٹریل جبکہ 5090 گھریلو صارفین شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایت پرچیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی گیپکو ریجن بھر میں سرویلنس ٹیموں کی کارروائیوں اور کامیاب چھاپوں کے سلسلہ جاری ہے ۔ 7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران اب ریجن بھر کے ساتوں اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین سے مجموعی طور پر 5516بجلی چوروں کو مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے 95لاکھ سے زائد یونٹس کی مد میں 37کروڑ 20لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بل جاری کئے گئے ہیں۔