اسلام آباد (خبر نگار) حکومتی اتحاد کے ارکان قومی اسمبلی حنیف عباسی، امین الحق اور اعجاز جاکھرانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس ٹاک کی حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب سندھ اور بلوچستان میں شفاف انتخابات ہوئے ہیں۔ سروے کے مطابق خیبر پی کے میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے، حکومت کو معاشی چیلنجز سمیت بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔ ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے عوامی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے‘ شہباز شریف نے پہلے بھی شبانہ روز محنت سے ملکی معیشت کو بہتر کیا، امین الحق نے کہا ہے کہ 8فروری کے الیکشن شفاف تھے‘ آج ضروری ہے کہ پاکستان کے لیے ڈائیلاگ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کو کہتا ہوں قانونی طریقے سے اپنے حق کی جنگ لڑیں نا کہ لڑائی جھگڑا کریں، ایم کیو ایم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑی ہے‘ اعجاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان کا وطیرہ ہے ملکی معیشت حالات تباہ کر دیئے، اس وقت ملک کے حالات کچھ اچھے نہیں ان حالات سے نکلنے کیلئے شہباز شریف کا وزیراعظم بننا ضروری تھا‘ ہمیشہ ڈائیلاگ کی حمایت کی ہے‘ مل جل کر حکومت کو چلائیں گے۔
حکومت پھولوں کی سیج نہیں‘ مسائل کا سامنا: حنیف عباسی‘ امین الحق‘ اعجاز جاکھرانی
Mar 04, 2024