اسلام آباد(خبرنگار)وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں پہلی باری نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے معاونین حج کی سلیکشن ہو رہی ہے۔ عازمین حج کیلئے خدمات کی فراہمی کے معیار کو مثالی بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس سینٹر کے دورہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے حج 2024 کے دوران معاونین اور حج میڈیکل مشن کے انتخاب کیلئے جاری تحریری امتحان کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ایک اہم کام کا آغاز ہو رہا ہے۔ معاونین حج کا انتخاب پہلی مرتبہ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ہو رہا ہے پاکستانی معاونین اور ڈاکٹرز ہر سال حج ڈیوٹی پر جاتے ہیں۔ شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں پہلی باری این ٹی ایس کی ذریعے سلیکشن ہو رہی ہے۔ پچھلی دفعہ 794 معاونین تھے اس سال625 ہیں۔ ڈاکٹرز پچھلے سال بھی 540 تھے اور اس بار بھی 540 ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ہم حجاج کی بھرپور طریقے سے خدمت کرنے کی کوشش کریں گے۔ تحریری امتحان پاس کر کے آنے والے معاونین حج دوران حج مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔