حافظ آباد:ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہر کچرا منڈی میں تبدیل

Mar 04, 2024

حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت ) شہر ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث دن بدن کچرا منڈی میں تبدیل ہورہاہے جبکہ انتظامیہ کے افسران فوٹو سیشن کے زریعے اپنی کارکردگی ظاہر کرکے وزیر اعلی اور حکومت کے ارباب اختیار کو بے وقوف بنانے لگے۔ ان خیالات کااظہار رانا خالد محمود کی زیر صدارت عوامی محاذ کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شہر کے اکثر گلی محلوں میں عرصہ دراز سے نہ صرف گندے گٹر ابل رہے ہیں بلکہ کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے یہ علاقے جو ہڑ میں تبدیل ہوچکے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ان علاقوں سے صفائی ستھرائی کروانے میں آج تک کوئی دلچسپی نہ لی ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد پورا شہر گندے تالاب کا منظر پیش کرنے لگتا ہے ۔ علاوہ ازیں شہر بھر میں نہ تو نکاسی آب کے نالوںکی صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام ہے اور نہ ہی سیوریج کے نظام کو بہتر بنایاجاسکا ہے۔اب وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے صفائی ستھرائی کے اعلان کے بعد افسران اپنی بوگس کارکردگی ظاہر کرنے کے لئے چند ایک گلی محلے کی صفائی کی تصاویر اپ لوڈ کرکے اپنی جعلی کارکردگی کے ڈنکے بجاتے دیکھائی دیتے ہیں ۔جبکہ حقیقی طور پر شہر دن بدن کچرا منڈی میں تبدیل ہورہاہے۔

مزیدخبریں