لاہور(سپورٹس رپورٹر)سعودی عرب نے 2034 ء میں منعقد ہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کیلئے اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔عرب ملک 10 سال بعد اس بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ گزشتہ سال کے آخر میں اس ورلڈکپ کیلئے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ اختتام پذیر ہوگئی تھی جبکہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ سعودیہ اس میلے کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیگا۔مراکش، پرتگال اور سپین 2030 ء کے فیفا ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے جبکہ عالمی گورننگ باڈی اس بات کا عندیہ دے چکی ہے کہ 2034 ء کے مقابلوں کو ایشیائی اور اوشیانا کنفیڈریشنز کے بولی دہندگان تک محدود رکھا جائیگا۔اس سے قبل سعودی مملکت کا پڑوسی ملک قطر 2022 فیفا ورلڈکپ اپنے ملک میں منعقد کرچکا ہے، سعودی عرب خلیجی خطے کا دوسرا ملک ہوگا جو شو پیس ایونٹ کی میزبانی کریگا۔سعودی عربین فٹ بال فیڈریشن (ساف) نے کہا کہ ہماری بات چیت مثبت طور پر آگے بڑھ رہی ہے۔سعودیہ نے پچھلے کچھ سال میں فٹبال، فارمولا ون، باکسنگ اور گالف جیسے کھیلوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے جس کی وجہ سے ناقدین مملکت پر ’سپورٹس واشنگ‘ کا الزام بھی لگاتے ہیں۔ سعودیہ نے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے قوانین کے ذریعے اپنی قومی سلامتی کا تحفظ کرتا ہے۔ساف کے صدر یاسر المسیحل کا کہنا تھا کہ دنیا کو ہماری فٹبال کی کہانی بتانا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ہماری بولی دنیا کو اس دلچسپ سفر میں ہمارے ساتھ شامل ہونے کی کھلی دعوت ہے۔واضح رہے کہ دو سال بعد اگلا فیفا ورلڈ کپ 2026 ء میں منعقد ہوگا، امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر اس ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔
سعودی عرب فیفا ورلڈ کپ 2034ء کی میزبانی کا خواہشمند
Mar 04, 2024