لاہور (سپورٹس رپورٹر)ملتان کے انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر میں آج سے شروع ہونے والے انڈر 13 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ میں 46 کھلاڑی حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔کیمپ 4 سے 11 مارچ تک چلے گا۔سہیل تنویر کی سربراہی میں قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں ختم ہونیوالے قومی انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ 24-2023 میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ کھلاڑیوں میں 18 بیٹرز، 16 سپنرز،9 فاسٹ بائولرز اور 3 وکٹ کیپر شامل ہیں۔کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں میں کھیل سے متعلق آگاہی اور مہارت کی نشوونما پر توجہ دی جائیگی۔ حافظ سجاد اکبر 12 رکنی سپورٹ سٹاف کی قیادت کریں گے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ اسسٹنٹ کوچ جبکہ سعید بن ناصر بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔سابق پاکستانی خواتین انٹرنیشنل ناہیدہ خان اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گی۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر شبیر احمد فاسٹ بائولنگ کوچ ہوں گے۔ہیڈ کوچ این سی اے، شاہد انورنے کہا کہ یہ انڈر 13 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ اس کیمپ میں کھلاڑیوں کو ان کے کھیل کے احساس سے آگاہ کیا جائیگا اور ساتھ ہی ساتھ انہیں بے خوف کرکٹ کھیلنا سکھائی جائے گی۔