بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادرمیں پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے) نے سندھ کی جدید مشینری سے بڑے پیمانے پر نکاس کیا جس کے تحت گوادر میں جمع 70 فیصد بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا دعویٰ ہے کہ 2 روز میں گوادرمیں معمولات زندگی معمول پرآجائیں گے جب کہ شہر کے بیشترعلاقوں میں دکانیں کھل گئی ہیں۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گوادر کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی بحال کردی ہے جن علاقوں میں پانی موجود ہے وہاں بجلی بند ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران 5 افراد جاں بحق ہوئے، گوادر میں 70 مکانات گرگئے اور 130 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا۔
گوادر میں طوفانی بارشوں کے بعد گلی محلوں اور اسکولوں میں اب تک پانی موجود ہے اور معمولاتِ زندگی پوری تاحال بحال نہیں ہو سکے ہیں۔نواحی قصبوں میں لوگ پہاڑوں پر پناہ لیے امداد کے منتظر ہیں، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں ریسکیو اور امدادی ٹیمیں نہیں پہنچ سکی ہیں۔