سی این جی سٹیشنوں کی بندش آج صبح چھ بجے سے ہوئی ہے جو بدھ کی صبح چھ بجے تک جاری رہے گی ۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پروگرام کے نتیجے میں صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں واقع تین ہزار کے لگ بھگ سی این جی سٹیشنز اس پابندی کی زد میں آئیں گے۔ ادھر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اپنا لائحہ عمل مرتب کر رہی ہے جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت کے بعض عناصر ماحول کو کشیدہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو دو ہفتے کا ٹائم دیا تھا کہ اگر اس دوران اگر سی این جی سٹیشنز بند رکھنے سے بجلی کی پیداوار بڑھتی ہے تو ٹھیک ورنہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سی این جی سٹیشن بند رکھنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں ہوئی اس لئے ہم آئندہ ہفتے اس فیصلے کی پابندی نہیں کرسکتے ۔