لاہور (نمائندہ خصوصی) سی آئی اے ماڈل ٹاﺅن پولیس نے فیصل ٹاﺅن میں تین افغان نوجوانوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد پولیس مقابلہ قرار دے دیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں ڈاکو تھے۔ پولیس کے مطابق سی آئی اے ماڈل ٹاﺅن کو اطلاع ملی تھی کہ کوٹھا پنڈ فلیٹوں میں کچھ ڈاکو چھپے ہوئے ہیں جس پر سی آئی اے اور تھانہ فیصل ٹاﺅن کی پولیس نے فلیٹوں کے گرد گھیرا ڈال کر تلاش شروع کی تو فلیٹ نمبر 67 جی سے پولیس پر فائرنگ کر دی گئی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے اس فلیٹ کے اندر موجود 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔ ان کے نام روزالدین، جعفر خان اور داﺅد معلوم ہوئے جبکہ فرار ہونے والے مقصود اور عثمان ہیں۔ پولیس کو مذکور ہ فلیٹ سے 80 تولے زیورات، 3 لاکھ روپے نقدی اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی ملا ہے جبکہ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے روزالدین کو کئی روز سے حراست میں لے رکھا تھا اور اس کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھیوں کو بھی پکڑ لیا گیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پولیس نے روز الدین، جعفر خان اور داﺅد خاں کو کوٹھا پنڈ کے فلیٹ میں لے جا کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور بعد ازاں اسے پولیس مقابلے کا نام دے دیا گیا۔ پولیس کا یہ بھی دعوٰی ہے کہ مذکورہ افراد مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔