ملعون امریکی پادری کیخلاف مظاہرے جاری، دینی جماعتیں آج ملک گیر یوم احتجاج منائینگی

May 04, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران) مذہبی جماعتیں اور تنظیمیںملعون امریکی پادری ٹیری جونز کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور شان رسالت میں گستاخی کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منائیں گی، جماعةالدعوة، تحریک حرمت رسول، سنی اتحاد کونسل، جے یو آئی (س)، جمعیت اہلحدیث، جماعت اہلحدیث و دیگر تنظیمیں احتجاجی مظاہرے کریں گی اور ریلیاں نکالیں گی۔ ریلیوں اور مظاہروں سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ لاہور میں بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا جائے گا۔ تحریک حرمت رسول اور جماعةالدعوة کی طرف سے فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد و دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ حافظ محمد سعید اور مولانا امیر حمزہ نے قوم سے اپیل کی ہے کہ احتجاجی مظاہروں ، ریلیوں، جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعی خطبات جمعہ میں اسلامی غیرت و حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے بھرپور انداز میں شریک ہو۔ تحریک حرمت رسول اور جماعةالدعوة کے زیر اہتمام ملعون ٹیری جونز کی گستاخیوں کے خلاف جمعرات کو بھی ملک کے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور حرمت قرآن کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں محبان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے سیالکوٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور نیٹو فورسز کی گستاخیاں روکنے کیلئے پاکستانی و افغان قوم انہیں خطہ سے باہر نکالنے میں کردار ادا کرے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کیلئے سپلائی بحال کرنے کے اقدامات انتہائی شرمناک ہیں۔سپلائی لائن مستقل طور پر بند کی جائے۔ مسلم حکمرانوں کا سربراہی اجلاس بلاکرمتفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ مولانا امیر حمزہ نے جڑانوالہ میں حرمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی کی ملعون پادریوں کی گستاخیو ں پر خاموشی افسوسناک ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکی پادری نے قرآن مجید کو جلا کر امن عالم کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکہ نے قرآن جلانے والے پادری کو گرفتار نہ کر کے اسلام دشمنی کا ایک بار پھر ثبوت دیا ہے۔ کنگن پور سے نامہ نگارکے مطابق ملعون پادری ٹیری جونز کے خلاف شباب ملی ضلع قصور کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ ملک ایوب، میاں مختار احمد و دیگر نے کہا کہ امریکی حکام نے اگر یہ حرکات بند نہ کیں تو پھر امت مسلمہ کا ہر نوجوان محمد بن قاسم، محمود غزنوی بن کر اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق آج ملعون ٹیری جونز کی ناپاک جسارت کے خلاف شدید احتجاج اور مساجد کے باہر مظاہرے ہونگے۔
مزیدخبریں