مکرمی! میں باہر کسی کام سے گیا ہوا تھا، لوٹنے پر معلوم ہوا کہ 63-b نمبر گھر سے ایک کاغذ کا پرزہ موصول ہوا جس میں مس زبیر کا نام لکھا تھا، ساتھ ہی موبائل فون نمبر 0321- 4233934 درج تھا۔ ساتھ ہی زبانی پیغام تھا کہ بڑے صاحب عمرہ پر جا رہے ہیں تو اس موقع پر آپ بھی مدعو ہیں چونکہ خاتون کا نام تھا لہٰذا میں نے اپنی بیٹی سے کہا کہ وہ پروگرام کا وقت معلوم کرے۔ فون کرنے پر خاتون نے کہا پروگرام آج شام کو ہی ہے لیکن پہلے امی سے بات کرواو¿۔ بیٹی نے بتایا کہ امی ابھی فارغ نہیں کچھ ہی توقف سے خاتون نے خود فون کیا کہ پروگرام پرسوں ہے اور ساتھ ہی کہا کہ ہم نے کینٹ میں معذور لوگوں کے لئے ایک مدرسہ کھولا ہے جس کے لئے پچاس قرآن کریم درکار ہیں۔ ہم ابھی دو بجے وہاں جا رہے ہیں آپ کو جتنی توفیق ہو آپ دے جائیں۔ ایک قرآن کریم کا ہدیہ ہے 525 روپے ۔ بیگم نے مجھ سے ذکر کیا تو میں دس جلدوں کے پیسے لے کر 63-B پہنچا معلوم ہوا کہ وہاں کوئی مسز زبیر نام کی خاتون نہیں رہتیں۔ واپس آ کر دوبارہ موبائل فون پر رابطہ کیا تو خاتون نے کہا کہ میں گیٹ پر کھڑی ہو جاتی ہوں آپ دوبارہ آئیں میں دوبارہ وہاں پہنچا مگر پھر وہاں کوئی نہیں تھا۔ کچھ دیر رکنے پر ایک موٹرسائیکل پر ایک نوجوان لڑکا جس کے ساتھ ایک موٹی سی خاتون سوار تھیں وہاں آئے۔ میں نے اُن سے سوال کیا کہ آپ تو 63-B میں نہیں رہتیں جبکہ پرچی پر آپ نے یہ گھر نمبر درج کیا ہوا تھا۔ انہوں نے جواب دیا کہ بچے نے غلطی سے لکھ دیا ہوگا ہم دراصل 163-B میں رہتے ہیں۔آپ آئیں کوئی چائے پانی ہو جائے میں نے انہیں پیسے تھمائے ان کا شکریہ ادا کیا اور واپس چل دیا۔ واپسی پر ایک محلے دار نے بتایا کہ یہ لوگ یہاں نہیں رہتے یہ آپ سے فراڈ کر گئے ہیں۔ (ایم اے کاکاخیل 68-B ابدالئینز کوآپریٹو ہاو¿زنگ سوسائٹی لاہور )