لاہور (سید شعیب الدین سے) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان آمد کے حوالے سے متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔ بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ وہ سکیورٹی صورتحال کے باعث 11 مئی کو پاکستان میں نہیں ہوں گے جبکہ ان کے قریبی حلقے کہہ رہے ہیں کہ وہ پاکستان آ چکے ہیں اور الیکشن ڈے کو پاکستان میں ہی قیام کریں گے اور وہ آج سے اندرون سندھ جلسوں اور ریلیوں سے ٹیلی فونک خطاب شروع کر دیں گے۔ اگر سکیورٹی خدشات نہ ہوئے تو 11 مئی کو ووٹ بھی ڈالیں گے۔ بلاول کے قریبی ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا فیصلہ ہے کہ بلاول جلسوں سے خطاب نہیں کریں گے اور نہ ہی جلوسوں میں شرکت کریں گے۔ یہ فیصلہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول کی جان کو لاحق سنگین خطرات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کا بھی مشورہ تھا کہ بلاول بھٹو جلسوں سے خطاب نہ کریں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کی صرف تین اعتدال پسند اور روشن خیال جماعتوں پی پی پی، اے این پی اور ایم کیو ایم کے خلاف ہی دہشت گردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں لہٰذا پارٹی کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لے سکتی۔
بلاول بھٹو کی پاکستان آمد کے حوالے سے متضاد اطلاعات
May 04, 2013