واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے معروف سفارتکار جیمز ڈاینس کو پاکستان اور افغانستان کے لئے نیا خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اسے دونوں اقوام کے لئے ایک اہم لمحہ قرار دیا ہے۔ ڈاینس اہم اور مشکل عہدوں پر فائز رہے ہیں وہ کوسوو میں سفیر رہے۔ 2001ءمیں انہوں نے طالبان کی شکست کے بعد کابل میں سفارتخانہ پر امریکی پرچم لہرایا۔ کیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہالبروک کے بعد عہدہ سنبھال رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی ڈاینس کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے وہ رانڈ نیشنل ڈیفنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں انٹرنیشنل سکیورٹی اینڈ ڈیفنس کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ گراسمین نے ہالبروک کی جگہ عہدہ سنبھالا تھا اور اب گراسمین کے بعد وہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ ترجمان پٹرک وینٹرل نے بتایا کہ جان کیری نے افغان صدر حامد کرزئی اور صدر آصف علی زرداری کو فون کرکے اس تقرری کے بارے میں بتا دیا ہے۔ 2014ءمیں افغانستان نے امریکی انخلا کے حوالے سے یہ تقرری اہم ہے۔ ڈاینس پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کے لئے کوششیں کرینگے۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان امریکہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا اور ان سے پاکستان امریکہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جیمز ڈاینس پاکستان، افغان کیلئے امریکی خصوصی ایلچی مقرر‘کیری نے زرداری کو فون پر آگاہ کردیا
May 04, 2013