کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) کراچی کے علاقے بلال کالونی اور پاپوش نگر میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق زمان خٹک، ان کا 6سالہ بیٹا اور ایم کیو ایم کے کارکن عادل رضوان سمیت 6افراد جاں بحق، 6افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بلال کالونی میں اے این پی کے امیدوار رحمانیہ مسجد کے باہر نماز جمعہ پڑھ کر نکلنے والوں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے اے این پی کے این اے 254 کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کا 6سالہ بیٹا عقیل جاں بحق جبکہ ان کے ساتھ موجود چھ افراد زخمی ہوگئے۔ ان کی نعشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کاروبار اور دکانیں بند ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق پاپوش نگر میں چاندنی چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے سرگرم کارکن 35 سالہ عادل رضوان عرف اشو بھائی کو قتل کردیا۔ واردات کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ عادل عرف اشو بھائی کی ہلاکت پر علاقے میں دکانیں اورکاروبار بند ہوگیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو جناح ہسپتال لایا گیا۔ کراچی کے حلقے این 254میں اے این پی کے امیدوار کے قتل کے بعد الیکشن کمشن نے الیکشن ملتوی کر دیا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق اے این پی کے امیدوارصادق زمان کی ہلاکت کے بعد این اے 254 کراچی 16میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔ شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔آئی سی آئی پل کے قریب گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے وکیل باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے ایڈووکیٹ شکیل احمد موقع پر جاں بحق جبکہ انکے والد علی احمد جان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جو بعد میں دم توڑ گئے۔ خواجہ اجمیر نگری میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا،10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزموں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ پاپوش نگر میں ایم کیو ایم کے دفتر کے باہر فائرنگ سے متحدہ کا یونٹ انچارج مارا گیا۔ عوامی کالونی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکیل باپ بیٹے کے قتل کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رکشے میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے کے بعد رکشے میں آگ لگ گئی، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ صدر آصف علی زرادری نے کراچی میں فائرنگ کے واقعہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار این اے 254 صادق زمان خٹک کے قتل کی پرزور مذمت کی ہے۔ صدر نے اس افسوسناک واقعہ پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نے کراچی میں فائرنگ کے واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں اے این پی کے قومی اسمبلی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو واقعہ کی جامع رپورٹ پیش کرنے اور گھناﺅنے جرم کے ذمہ داران کا سراغ لگا کر انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو امیدواروں کی سکیورٹی بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کا مقصد ملک میں انتخابی عمل میں خلل ڈالنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے آج سندھ میں پرامن یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صادق زمان خٹک اور ان کے بیٹے کے قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ منایا جائے گا۔ ترجمان اے این پی کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز کھلے رہیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔ اے این پی کے دفاتر پر سیاہ پرچم لگائیں جائیں گے۔تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی کے امیدوار پر حملہ ہماری دھمکی کا تسلسل ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ اے این پی کے امیدوار کے قتل پر پی پی پی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے مذمت کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قائم علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کمشن امیدواروں کی سکیورٹی یقینی بنائے۔ ترجمان اے این پی زاہد خان نے کہا کہ صادق زمان خٹک کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قتل کی ایف آئی آر وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ سندھ اور الیکشن کمشن کیخلاف درج کرائینگے۔ رہنماءاے این پی اسفند یار ولی نے کہا کہ قتل ہونیوالے امیدوار کو سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی۔ انتخابات کے نتائج پر سوالیہ نشان ضرور لگے گا۔ نگراں حکومت اور الیکشن کمشن ہمارے امیدواروں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔ اپنے امیدوار کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تین لبرل پارٹیوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ دہشت گرد اے این پی کیخلاف مسلسل مذموم کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ روشن خیال جماعتوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کراچی میں اے این پی کے امیدوار صادق زمان کے بیٹے سمیت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کے بیٹے نصیر زمان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔