لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر/سیشن جج لاہورنذیراحمدگجانہ نے ملازمین کی فہرستیں پیش نہ کرنے کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کو 8محکموں کے سربراہ گرفتارکرکے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ ان افسروں میں ڈی جی نیب، جی ایم سوئی گیس، ڈی جی انٹیلی جنس انوسٹی گیشن لاہور، اکاوئٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو، چیئرمین پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ ،سیکرٹری پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اورڈائریکٹر انٹیرئر ریجنل لاہورشامل ہیں۔گزشتہ روزڈی آر او کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں بتایاگیاہے کہ متعلقہ محکموں کے سربراہان نے الیکشن ڈیوٹی سے تاحال عملہ کی لسٹیں فراہم نہیں کیں جس وجہ سے پولنگ سٹاف کی گنتی مکمل نہیں ہورہی دوسری طرف ایک روز قبل ریٹرننگ افسران نے ڈیوٹی سے غیرحاضر چارہزارملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم جاری کیاتھا۔ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر لاہور/ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانا نے الیکشن ڈیوٹی سے چشم پوشی کرتے ہوئے غیر حاضر رہنے پر مختلف محکموں کے850 افسران اور ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ تھانوں کے ایس اوز کو مذکورہ ملازمین کوگرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ۔ان اہلکاروں کو لاہور کے 13 ریٹرنگ افسران نے اپنے اپنے حلقوں میں الیکشن کے روز ڈیوٹی کے لئے ٹریننگ کروانے کے لئے طلب کیا مگر 35000 ہزار میں سے چالیس فیصد ملازمین اور افسران حاضر نہ ہوئے جس پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے ان کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام محکموں کے سربراہان کا اجلاس بلایا جس میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا اور غیر حاضر رہنے والوں کی فہرستیں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو بھجوادیں جنہوں نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے تمام ایس ایچ او کو حکم دیا کہ وہ انہیں گرفتار کرکے پیش کریں۔