ایبٹ آباد+ اوگی+ ہری پور (اے پی اے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں 17سال سے 11 مئی کے میچ کا انتظار ہے، باریاں لینے کا وقت ختم ہو چکا ہے، تحریک انصاف برسراقتدار آکر قائداعظمؒ کا پاکستان بنائے گی،11 مئی کے بعد قائداعظمؒ کے بعد پہلا قائد ہوگا جو اپنی قوم سے جھوٹ نہیں بولے گا، اختیارات گا¶ں کی سطح تک منتقل کریں گے، تحریک انصاف ہر طبقہ کے ساتھ کھڑی ہوگی، ظالموں، چوروں کا محاسبہ کرکے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے، ملک میں زیادہ صوبے بنائیں گے، 90 دن میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔ وہ بٹگرام ،مانسہرہ ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں جلسوں سے خطاب کررہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ موروثی سیاست ختم ہو چکی، فرسودہ سیاست اورظلم کا نظام ختم کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے، مومن دو مرتبہ دھوکہ نہیں کھا سکتا، دو مرتبہ ملک کا نظام تباہ کرنے والے دوبارہ نظام ٹھیک نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ گا¶ں کے لوگ عرضیاں لے کر اراکین اسمبلی کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ گا¶ں میں ہی عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے، اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں دئیے جائیں گے بلکہ عوام کے ذریعے ترقیاتی کام مکمل ہوں گے جس میں کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی، ایبٹ آباد کے عوام کا پیسہ ایبٹ آباد میں لگائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ عوام آزاد امیدواروں کو بھی ووٹ نہ دیں کیونکہ آزاد امیدوارں کا کوئی منشور اورنظریہ نہیں، عوام نظریہ کی بنیاد پرووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ایک طرف مسلم لیگ(ن) اور دوسری طرف تحریک انصاف کے نوجوان ہیں، شہباز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے کر نہیں خرید سکتے، نوجوان آج بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ تبدیلی اور ملک بچانے کےلئے نکل آئیں تب ملک کو قائداعظمؒ کا پاکستان بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 90 دن کے اندر ملک میں بلدیاتی انتخابات کروا کراختیارات عوام تک منتقل کرے گی تاکہ ترقیاتی کاموں کےلئے عوام کو ان کی دہلیز پر فنڈز مل سکیں۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر مگرمچھوں کا احتساب کرے گی، 11مئی کو انقلاب لاکر قائد کا پاکستان بنائیں گے، عوام کے ٹیکس کا پیسہ کبھی چوری نہیں ہونے دیں گے، عمران خان نے کہاکہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے میرے خلاف شوشہ چھوڑا ہے، عمران جنگل کے شیر کا شکاری ہے، سرکس کے شیر دم دباکر بیٹھے ہیں۔ جس ملک کے حکمران مجرم ہوں اس کا کوئی مستقبل نہیں، اچھے برے کی تمیز نہ رکھنے والی قوم مر جاتی ہے، عوام نے کرپٹ لوگوں کو بہت برداشت کر لیا اب مزید نہیں کرینگے۔ 11مئی کو بلا کرکرپٹ لوگوں کا برا حال کرے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ذات برادری سے بالاتر ہوکر بلے پر مہر لگائیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو تباہ کرنے والے اسے واپس ٹھیک نہیں کر سکتے، تحریک انصاف ایسا پاکستان بنائے گی جس میں سب برابری کی زندگی جئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ قوم سڑکیں بنانے سے نہیں بنتی بلکہ عدل و انصاف کا نظام قائم کرنے سے بنتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خالد بن ولید جب بھی لڑا وہ جیتا، اس کے مقابےل میں پیسے اور ہتھیار ہوتے تھے جبکہ اس کے پاس نظریہ اور جنون ہونا تھا اور وہ کبھی نہیں ہارا۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور زرداری ایک دوسرے کا احتساب نہیں کر سکتے اور نہ ہی بیرون ملک اثاثے واپس لا سکتے ہیں، یہ کام صرف ہم کریں گے۔