راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سپیشل پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کے قتل کے واقعہ کے بعد ایف آئی اے کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد رسول عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ چوہدری ذوالفقار پر فائرنگ اور قتل کے واقعہ کے بعد سماعت ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی جبکہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار کئے جانے والے سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے پرویز مشرف کو ایک روز کیلئے حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا جبکہ سابق صدر کی درخواست ضمانت پر بھی بحث کیلئے آئندہ تاریخ 14 مئی مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ فاضل عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا جس کے بعد آج ایف آئی اے نے عدالت میں چالان پیش کرنا تھا۔
بے نظیر کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی، مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
May 04, 2013