11 مئی کو ہر طرف شیر نظر آئے گا‘ عوامی طاقت تیر‘ بلے‘ سائیکل کے ٹکڑے ہوں گے: شہباز شریف

May 04, 2013

 لاہور +لالہ موسٰی+ بھلوال ( وقت نیوز +نامہ نگاران) سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے لالہ موسٰی میں جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے میاں نوازشریف کا گراف پاکستان میں بلند کر دیا ہے۔ اناڑی کھلاڑی اپنے باہر کے عزیزوں سے ڈالر اور پاﺅنڈ سے بڑے بڑے اشتہارات دے کر یہ تاثر دے رہا ہے کہ میرا مقابلہ مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ لالہ موسٰی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر کھلاڑی، زرداری کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے 11 مئی کو ہر طرف شیر ہی شیر نظر آئے گا۔ عوامی طاقت سے تیر بلے اور سائیکل کے ٹکڑے ہونگے۔ گجرات میں ایک ڈپٹی وزیراعظم وفاقی وزیر اطلاعات اور چھوٹے کائرہ صوبائی وزیر خزانہ پنجاب رہے مگر ضلع کے عوام کی قسمت نہ بدلی۔ لالہ موسٰی اور گجرات کے عوام کو بجلی ملی نہ پانی ٹیوب ویل بند کسان بدحال ہو گیا کھاد دگنی تگنی قیمتوں پر ملی کھاد کی سپلائی میں کروڑوں اربوں کے ڈاکے مارے گئے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ پر قمرالزمان کائرہ نے الزام لگایا کہ میٹرو بس سروس پر 70 ارب روپے خرچ کئے۔ چودھری پرویز الٰہی بھی یہی کہتا ہے اور عمران خان جنگلہ بس کہتے ہیں ان تینوں کا ایک ہی نعرہ ہے۔ یہ ایک ہی زبان بول رہے ہیں۔ نوازشریف کا ووٹ تقسیم نہ ہونے دینا۔ 5 سال تک زربابا اور چالیس چوروں نے اس ملک کو لوٹا زمینداروں اور کسانوں غریبوں کا حقہ پانی بند کر دیا یہ سب عوامی منصوبوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ میٹرو بس سروس پر میں نے ان کو چیلنج کیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو کہا کہ آﺅ دیکھو اور تحقیق کرو انہوں نے پرویز الٰہی، قمر زمان کائرہ اور عمران خان کو خط لکھے تو ان کی زبانوں کو تالے لگ گئے ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا۔ میٹرو بس سروس نہ بناتا تو کیا میں ان پیسوں سے عمران خان کو ہیلی کاپٹر خرید کر دیتا جو اس پر سفر کرتے یا زرداری کیلئے جہاز خرید کر دیتا یا قمر زمان کیلئے بلٹ پروف گاڑی لے کر دیتا یا پرویز الٰہی کو کھاد خرید کر دیتا یہ سب عوامی منصوبوں کے دشمن ہیں عوامی فلاحی کاموں سے ان کو دلچسپی نہیں یہ لوٹ مار اور کرپشن کے ساتھی ہیں۔ زرداری کھلاڑی اور اناڑی کہتے ہیں کہ غریبوں کے بچوں کو لیپ ٹاپ کیوں دئیے زرداری کے ساتھیوں خاں صاحب کیا میں لیپ ٹاپ نہ دیتا تو ان کو کلاشنکوف دیتا۔ زرداری صاحب 11 مئی کو آپ کے محل میں دیا بجھ جائے گا۔ آپ نے اپنے محل کا دیا جلایا اور پاکستان کا دیا گل کر دیا۔ سابقہ حکمرانوں نے عوام کو 5 سال تک اندھیروں میں رکھا پنجاب سے 700 میگاواٹ بجلی باہر جا رہی ہے۔ لالہ موسٰی اور گجرات کے لوگو زرداری 5 سال تو کیا 5 سو سال تک بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کر سکتے آپ لوگوں کی دعاﺅں اور تعاون سے جب میں ڈینگی پر قابو پا سکتا ہوں۔ 10 مہینے کی قلیل مدت میں میٹرو بس چلا سکتا ہوں سیلاب زدہ لوگوں کی بحالی کی جدوجہد کر سکتا ہوں تو اگر میں دو سال میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کا بحران ختم نہ کر سکا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ انہوں نے میاں منظور وٹو کے بارے کہا کہ وہ بدترین شکست کھائے گا اس نے گھبراہٹ اور مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خائف ہو کر کہا ہے کہ ہمیں اکثریت نہ ملی تو ہم عمران خاں کو وزیراعظم بنوائیں گے۔ سرگودھا میں جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا چیچوکی ملیاں اور نندی پور کے پاور پلانٹ جن میں نو سو پچاس میگاواٹ بجلی بن سکتی تھی پیپلز پارٹی کی ہوس زر کی نذر ہو چکے ہیں کیونکہ پاکستان کے ساٹھ ارب روپے ان منصوبوں میں ڈوب گئے ہیں مشینری کراچی میں پورٹ پر پڑی خراب ہو رہی ہے عمران خان زرداری کو فرشتہ بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ میں بال ٹمپرنگ کی تھی سیاست میں بھی بال ٹمپرنگ کر لیں گے لیکن ایسا نہیں ہو گا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ پنجاب کے عوام کو 18,18 گھنٹے بجلی سے محروم رکھ ان سے بدترین زیادتی کی جا رہی ہے اور خود کو تحریک انصاف کہنے والے اس کھلی بے انصافی پر خاموش ہیں ‘ میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے عوام کی آواز سے آواز ملائیں یا پھر اپنی جماعت کا نام تبدیل کر کے کچھ اور رکھ لیں ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ میں شیر کا شکاری ہوں اور اس کے تکے بنا کر کھا جاﺅں گا۔ میں اس جاہلانہ طرز کلام پر یہی کہوں گا کہ بھکاری کبھی شکاری نہیں ہو سکتا۔لال پل لاہور میں جلسہ سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران کہتے ہیں کہ بجلی کے بحران میں زرداری کا قصور نہیں تو کیا میرا قصور ہے۔ رینٹل پاور پروجیکٹ لوٹ مار کا پروگرام تھا۔ بجلی کی مشینری کو کراچی پورٹ پر زنگ لگ گیا اور چوری ہو گئی۔ زرداری نے 5 سال پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ 11مئی کو ہماری فتح کا سورج طلوع ہو گا۔ 11 مئی کو پاکستان کا دیا روشن ہو گا۔ نواز شریف کے ووٹوں کی تقسیم کی سازش میں عمران شریک ہیں۔ خان صاحب نے بھی کہہ دیا ہے کہ نوجوانو! شیر پر مہر لگاﺅ۔ یقین ہے عوام 11مئی کو نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ نوکر بن کر عوام کی خدمت کروں گا۔ 11مئی کو زرداری کے محل کا دیا گل ہو جائے گا۔ زرداری 5سال تو کیا 5ہزار سال میں بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کر سکتے۔

مزیدخبریں