سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین، بزرگ کشمیری حریت رہنماءسید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماﺅںنے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی لاش بھارتی حکومت کے حوالے کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حریت چیئرمین نے حکومت پاکستان کے انسانی ہمدردی کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی جاسوس کی لاش بھارت کے حوالے کرنے کا پاکستان کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہے ۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے ابھی تک کشمیری رہنماءشہید محمد افضل گورو کی میت کشمیریوں کے حوالے نہیں کی ہے اور بھارتی حکومت اس سلسلے میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ۔ بزرگ کشمیری حریت رہنماءسید علی گیلانی نے ایک بیان میں سربجیت سنگھ کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کی لاش بھارتی حکومت کے حوالے کر کے انسانی جذبے کا مظاہرہ کیا ہے جس سے پاکستان کو بھارت پر ایک اخلاقی برتری حاصل ہو گئی ہے کیونکہ بھارت نے ابھی تک افضل گورو جسے دلی کی تہاڑ جیل میں خفیہ طورپر پھانسی دے کر جیل کے احاطے میں دفن کر دیا تھا کی لاش اس کے ورثاءکے حوالے نہیں کی ہے۔ سید علی گیلانی نے بھارتی رویہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو گئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے مشکلات اور رکاوٹوںکے باوجود انسانی اصولوں کے مطابق فیصلہ کیا ۔ دیگر حریت رہنماﺅںنے بھی پاکستان کی طرف سے سربجیت سنگھ کی لاش بھارت کے حوالے کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔