کراچی (نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جو عناصر انتخابات کو ملتوی کرانے کی سازشیں کررہے ہیں ان کی سازشوں کو بھرپور طریقے سے ناکام بنادیا جائے گا۔ انتخابات ہر صورت میں مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے اور جو جماعت ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی آئینی طریقے سے اقتدار اسے منتقل کردیا جائے گا۔ صدر نے نگراں حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کے تحفظ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے نگراں حکومت متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع سیکورٹی پلان تشکیل دے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔ وہ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاو¿س میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس ملاقات میں چیف سیکرٹری ،آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کی کارروائیاں جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش ہے تاہم حکومت ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنا دے گی۔ پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صدر نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کے خلاف انتہائی سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام انتخابی امیدواروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے اور سندھ بھر میں پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے جامع سیکورٹی پلان کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں چین کے سفیر لیو جیان کو ”ہلال قائداعظم“ کا اعزاز دیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں بلاول ہاﺅس میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ لیو جیان کو پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ کیلئے ان کی انتھک کوششوں کے اعتراف میں یہ اعلیٰ اعزاز دیا گیا۔ بعدازاں چینی سفیر لیو جیان نے صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور پاک چین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ صدر نے چینی سفیر کو ہلال قائداعظم ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے ان کی تین سالہ مدت کے دوران پاک چین آزمودہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے ان کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔ صدر نے کہاکہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین کی حکومت اور عوام مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک ہر قسم کے حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی آزمودہ اور سدابہار دوستی پر فخر ہے۔ چینی سفیر لیو جیان نے ہلال قائداعظم عطا کرنے پر صدر اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دریں اثناءصدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میں رہائش پذیر اقلیتوں کو بھی وہی مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے تمام قوتوں کو متحد ہو کر اپنا کردار اد اکرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں صدر آصف زرداری نے کہا کہ اقتصادی نمو کیلئے ضروری ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ہو اور ان کا اعتماد بحال ہو تاکہ مصنوعات اور خدمات کے انتخاب میں آزادانہ پسند اور نا پسند کا خیال رکھا جا سکے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں آٹھویں کنزیومر چوائس ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر 85ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کو ایوارڈ دیئے گئے۔ صدر نے کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کو آٹھویں کنزیومر ایوارڈ کی تقریب کے انعقاد اور تمام انعام یافتگارن کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کی تقاریب کے انعقاد سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کی فضاءپیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایوارڈ معیاری اشیاءکی مناسب قیمت میں صارفین کو فراہمی کیلئے تجارتی سرگرمیوں کیلئے معاون ثابت ہو گا۔
صدر زرداری