لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت کی جانب سے انسداد خسرہ مہم کے باوجود نئے مریضوں کی ہسپتالوں میں آمد کا سلسلہ جاری۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید 133 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کی کوششوں کے باوجود خسرے کے مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، دیپالپور اور مظفرگڑھ سمیت دیگر اضلاع میں بچوں میں خسرہ کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 10688تک پہنچ چکی ہے۔ صوبے بھر میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی ہے جبکہ لاہور میں 42بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ لاہور کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اب خسرے میں مبتلا 90بچے زیر علاج ہیں۔