لاہور (سپیشل رپورٹر + نامہ نگار) حکومت پنجاب نے سربجیت کیس کی انکوائری رپورٹ فائنل ہونے سے قبل ہی نگران وزیر اعلی کے احکامات پر کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ سمیت3 آفیسرز کو معطل کر دیا ۔ جبکہ کامران انجم نے بطور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل چارج سنبھال لیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے معتبر ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی نے چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال اور سیکرٹری داخلہ شاہد خان کو طلب کر کے ان پر واضح کیا کہ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پرکوٹ لکھپت جیل میں اس کے دو قیدی ساتھیوں کی جانب سے حملہ کرنے کے تناظر میں جیل خانہ جات کی سیکورٹی کے حوالے سے بہت سی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ اس واقعہ کا کسی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی جانب سے احکامات پر آئی جی جیل خانہ فاروق نذیر نے سپرنٹنڈنٹ جیل محسن رفیق سمیت ان کے دو ماتحتوں اشتیاق گل اور غلام سرور سمرا کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ پرنسپل ٹریننگ اکیڈیمی جیل خانہ جات کامران انجم کو کوٹ لکھپت جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ مقرر کر دیا گیا جبکہ رضا محمود زمان کو ایڈیشنل سپرنٹنڈنت تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کا چارج نور حسن بھگیلا کو دے دیا گیا ہے۔
معطل
سربجیت کیس، کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ محسن رفیق اور 2 ماتحت معطل
May 04, 2013