لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سکیورٹی انتظامات کومزید بہتر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں، حساس مقامات، انتخابی دفاتر سمیت جیلوں کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت میں کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ بین الاقوامی اور ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کئے جائیں اور کسی بھی شرپسند کو اس کے مذموم عزائم کی تکمیل میں کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے۔ یوم آزادی صحافت پر پیغام میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صحافت بلاشبہ ریاست کا ایک اہم ستون ہے آج دنیا جس طرح گلوبل ویلج بن چکی ہے اس میں میڈیا کا بنیادی کردار ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں آزادی صحافت کی جدوجہد میں شانہ بشانہ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس منصوبے کو بہتر اور موثر انداز کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اندرون شہر ہماراتاریخی اور ثقافتی ورثہ ہے اس ورثہ کی دیکھ بھال اور بحالی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ تاریخی مقامات کی بحالی اور دیکھ بھال ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں نجم سیٹھی سے انڈوپاک ڈبیٹنگ چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا نے ملاقات کی۔ وزیراعلی نے طلباء کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور وہ زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
نجم سیٹھی