کراچی میں 3ہزار فوجی تعینات: امیدوار 9مئی کی رات مہم ختم کر دیں: الیکشن کمشن

May 04, 2013

کراچی (این این آئی+ آن لائن) عام انتخابات کےلئے ایک طرف سیاسی جماعتیں اپنی مہم میں مصروف ہیں، دوسری جانب الیکشن کمشن انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں میں مصروف ہے، کراچی میں فوج کی تعیناتی کا کام شروع ہوگیا ہے۔ فوجی دستے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے لئے پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کراچی میں انتخابات کے لئے فوج کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ملیر چھاﺅنی سے پاک فوج کے دستوں کی روانگی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق فوج کے جوان شہر کے مختلف علاقوں میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دینگے، دستے شہر کی امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھیں گے۔ سندھ پولیس نے انتخابات کے لئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ 11 مئی کو سندھ بھر کے 14 ہزار 884 پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی کے لئے 83 ہزار 905 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پاک فوج کے تین ہزار اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق کراچی میں 25 ہزار، حیدر آباد 23 ہزار، میرپور خاص میں 8 ہزار، سکھر اور لاڑکانہ میں 13، 13 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سندھ بھر کے ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی سکیورٹی کے لئے ایک ہزار پانچ اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے تین ہزار 928 امیدواروں میں سے 51 امیدواروں کو پولیس گارڈ فراہم کئے جائیں گے جبکہ 4 ہزار سے فوجی جوان اور ساڑھے تین ہزار سے زائد رینجرز اہلکار بھی سکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق سندھ پولیس کو الیکشن سکیورٹی کے لئے ساڑھے 7 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔ نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سی آئی ڈی، کرائم برانچ، ٹریننگ برانچ سمیت مختلف محکموں سے اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں پا ک فو ج کے تین ہزار اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔ جو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سٹینڈ بائی رہیں گے۔ دوسری جانب عام انتخابات کے لئے 10کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق انتخابات کے لئے کل 17کروڑ 90لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی 6مئی تک مکمل ہونا ہے۔الیکشن کمشن نے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے کہا ہے کہ جمعرات کی رات 12 بجے سے قبل اپنی انتخابی مہم ختم کردیں۔ پولنگ کے آغاز سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا ضروری ہے۔ کمشن کے ترجمان نے کہا کہ انتخابی قواعد کے تحت انتخابات کیلئے پولنگ سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا لازمی ہے، عام انتخابات کیلئے اپنی انتخابی مہم 9 مئی رات 12 بجے سے قبل ختم کردیں اس کے بعد کسی بھی قسم کا جلسہ، کارنر میٹنگ یا کنونسنگ کرنے والے امیدوار کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی ہوگی اور یہ اس امیدوار کی نااہلیت یا ایک لاکھ روپے جرمانہ تک ہوسکتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں آئندہ عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ فوج بیلٹ پیپرز کی محفوظ تقسیم کو یقینی بنائے گی۔ آئی ایس پی آر کے آفیشل نے بتایا کہ الیکشن کمشن بلوچستان کے نمائندے تنویر بٹ نے سکیورٹی پرنٹنگ پریس آف پاکستان سے بیلٹ پیپر وصول کئے۔ یہ بیلٹ پیپرز سی ون 130 کے ذریعے کوئٹہ لے جانے کے لئے آرمی کے دستے کی نگرانی میں پی اے ایف بیس مسرور بھیجے گئے جہاں سے وہ متعلقہ حلقوں میں بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح دیگر صوبوں کو بھی بیلٹ پیپرز آرمی کی نگرانی میں بھیجے جائیں گے۔
الیکشن کمشن

مزیدخبریں