لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ برطانیہ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ ایبٹ آباد میں شروع ہوگیا۔ قومی ٹیم کے پندرہ کھلاڑیوں کے علاوہ فاسٹ باﺅلنگ کیمپ کے پانچ بالرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں فزیکل فٹنس جبکہ دوسرے سیشن میں نیٹ پریکٹس کی۔ پی سی بی کے کیوریٹرزنے ایبٹ آباد کے پرفضا مقام پر انگلینڈ کی طرزکی گرین وکٹ تیار کی ہے تاکہ بیٹسمینوں کوتیز وکٹ پر پریکٹس کرائی جاسکے۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے لیکر دن ایک بجے تک فزیکل فٹنس اور فیلڈنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ۔ کھلاڑیوں کی فٹنس کے لئے پاک آرمی کے انسٹرکٹر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ سابق کپتان جاوید میانداد کوبیٹسمینوں کی خامیاں دورکرنے اور سابق فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کوباﺅلرز پر کام کرنے کیلئے خصوصی طورپرکیمپ میں بلایا گیا ہے۔ چھ اور آٹھ مئی کوٹارگٹ میچزکرائے جائیں گے۔ کیمپ کا اختتام دس مئی کوہوگا۔