اسلام آباد(آن لائن)امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے ملک سے فرار کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی جس میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو مبینہ فرار کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس بخوبی آگاہ تھے کہ سفیر موصوف نے امریکی محکمہ دفاع کو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں کس قسم کی تجاویز دی تھیں۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کو علم تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے سفیر کی پشت پناہی کررہے ہیں اور اسے ایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس میں پناہ دی گئی ہے۔ حسین حقانی کی کارروائیوں بارے جسٹس چوہدری نے سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل احمد شجاع پاشا سے بیان حلفی طلب کئے اور جسٹس چوہدری ان تمام حقائق سے آگاہ تھے جن کی تصدیق میمو کمیشن نے بعدازاں کردی تھی۔ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان کے اس فیصلے کیخلاف دائر کی گئی ہے جس میں قرار دیا گیا کہ حسین حقانی کو بیرون ملک سفر کی اجازت سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اور ہائیکورٹ اس کیخلاف درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں رکھتی۔