لاہور میں پہلے انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ ایونٹ کی تیاریاں مکمل

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے اشتراک سے لاہور میں پہلے انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ ایونٹ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کے کامیاب انعقاد کیلئے تین رکنی کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میں ایشین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر محمد حسن جالود، چیئرمین آڈٹ کمشن ایشین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن حافظ عمران بٹ اور ممبر ایفلی ایشن کمیٹی ممبر اے ڈبلیو ایف امجد امین بٹ شامل ہیں۔ ایونٹ کے چیف کوآرڈینیٹر محمد راشد ملک کا کہنا ہے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام منعقد ہونےوالے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں شرکت کےلئے افغانستان، بنگلہ دیش، چائنہ، انڈیا، نیپال، سری لنکا اور قطر کے ممالک کو اپنی ٹیمیں بھجوانے کی دعوت دی گئی ہے جس کے تمام اخراجات سپورٹس بورڈ پنجاب خود برداشت کرےگا۔ پہلا موقع ہے پاکستانی ویمن ویٹ لفٹرز کو کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کا موقع مل رہا ہے۔ سیکرٹری نیشنل ویمن ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی سیکرٹری نزہت جبیں پر امید ہیں کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستانی خواتین اچھے کھیل کا مظاہرہ کرینگی۔ راشد ملک کا کہنا تھا کہ پہلا موقع ہوگا ایشین ویٹ لفٹنگ کا کوئی نمائندہ پاکستان آرہا ہے۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں ایشین اور ورلڈ مقابلوںکی راہ ہموار ہوگی ۔ تربیتی کیمپ پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس اور ریلوے سٹیڈیم میں جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 سے 25 مئی تک منعقد ہونے والے ایونٹ کے دوران دو روزہ ویٹ لیفٹنگ ٹیکنیکل آفیشلز کورس میں بھی منعقد ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن