جنوبی وزیرستان : چیک پوسٹوں پر حملے‘ اہلکار شہید دو زخمی‘ سوات میں فائرنگ امن کمیٹی کے رکن سمیت دو جاں بحق

May 04, 2015

جنوبی وزیرستان + بنوں + پشاور + سوات (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، اندھادھند فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ شوال میں بھی چیک پوسٹ پر حملے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ سوات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے رکن سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز سراروغہ کے مقام پر دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا اور بھاری ہتھیاروں سے اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے بھی زبردست جوابی کارروائی کی تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر ایف آر بنوں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ باران ڈیم کے قریب سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے تمام زخمیوں کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے صدر میں حساس اداروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ گھر سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ممنوعہ لٹریچر برآمد کر لیا گیا۔ حساس اداروں نے دہشت گردوں کی پیشگی اطلاع پر صدر کے مقام پر ایک گھر میں چھاپہ مار کر مطلوب دہشت گرد جاوید کو حراست میں لے لیا۔ گھر سے برآمد ہونے والا بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد بھی حساس اداروں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سوات کے علاقے قمبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے رکن سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈسٹرکٹ کونسل سوات کا آزاد امیدوار اور امن کمیٹی کا رکن اکبر علی شامل ہیں۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے شوال چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کر دیا جس میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
جنوبی وزیرستان




مزیدخبریں