کراچی + لاہور (نوائے وقت نیوز+ خبرنگار) جئے سندھ قومی محاذ (آریسر گروپ) کے چیئرمین عبدالواحد آریسر انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاں انڑآباد ضلع عمر کوٹ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ عبدالواحد آریسر طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ کئی روز کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 66 سال تھی۔ مرحوم کا شمار جسقم کے بانی جی ایم سید کے دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1967ءمیں اینٹی ون یونٹ تحریک میں بھرپور حصہ لیا۔کئی کتابوں کے بھی مصنف رہے۔ جئے سندھ قومی محاذ اور سندھی ادبی سنگت کی جانب سے قوم پرست رہنما کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین عبدالواحد آریسر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور پیپلز پارٹی شہید کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے عبوالواحد آریسر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
انتقال
جئے سندھ قومی محاذ کے سربراہ عبدالواحد آریسر انتقال کر گئے
May 04, 2015