چک امرو + شکرگڑھ + نارووال (نامہ نگاران) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سریا گائوں کے رہائشی 30 سالہ کسان امانت علی کے گھر گئے اور شہید کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے شہید کے ورثاء کی کفالت کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 10 لاکھ روپے امدادکا اعلان کیا۔ ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال، ایم پی اے رانا منان خان ، ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ مودی حکومت نہتے پاکستانی شہریوں پر گولیاں چلا کر خطے کا امن تباہ کر رہی ہے۔ پاکستانی شہری امانت علی کو شہید کر کے بھارت نے بزدلانہ کاروائی کی ہے بھارتی سکیورٹی فورسز سرحد پر ایسے واقعات کر کے خطے کا امن تباہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے شہید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی اور سوگوار خاندان سے مکمل اظہار ہمدردی کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے این آر ڈی پی کے زیراہتمام وزیراعظم بلاسود قرضہ سکیم کے حوالے سے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے عوام کے ساتھ کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے جب حکومت بنائی تو انہوں نے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کیا تھا آج جن لوگوں کو چیک مل رہے ہیں وہ مبارک باد مستحق ہیں۔ این آر ڈی پی کے ڈائریکٹر مرزا مقیم بیگ نے خطاب میں کہا بلاد سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا بہترین پروگرام ہے اس سے کم آمدن والوں کو اس قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا 460 مرد و خواتین میں6.4 ملین کے چیک تقسیم کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے حکومت پنجاب کی جانب سے مسیحی بھائیوں میں کرسمس کی خصوصی گرانٹ چیک کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت ان کی ہر خوشی و غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر نے حکومت پنجاب کی جانب سے70مسیحی خاندانوںمیں فی کس 3500 روپے کے چیک تقسیم کئے۔
احسن اقبال بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے کسان کے گھر گئے، اظہار تعزیت کیا
May 04, 2015