تیونس میں اسرائیلی شہریوں کو سنجیدہ دھمکیوں کا سامنا، سفر سے گریز کی ہدایت

May 04, 2015

مقبوضہ بیت المقدس (آن لائن) اسرائیلی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ تیونس میں مقیم اسرائیلی شہریوں اور یہودی باشندوں کو ’’سنجیدہ دھمکیوں‘‘ اور حملوں کے خطرات کا سامنا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے زیرانتظام شعبہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیونس میں اسرائیلی شہریوں کوسنگین خطرات لاحق ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اداروں کو ایسی اطلاعات ملی ہیں جن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ تیونس میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں یہودیوں اور اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ یہ دھمکیاں معمولی نہیں بلکہ سنجیدہ ہیں جن سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تیونس کے جنوب مشرق کے جزیرہ جربہ میں واقع یہودیوں کے قدیم مذہبی مرکز میں رواں ماہ چھ اور سات تاریخ کو ہونے والے ’مذہبی اجتماع‘ کے دوران دہشت گردی کی کارروائیاں کی جاسکتی ہیں۔ان ہی دھمکیوں کے تناظر میں اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو تیونس کے سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ تیونس/ دھمکیاں

مزیدخبریں