کراچی (نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی میں مشتعل ہجوم نے ایک پولیس افسر کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی مارکر قتل کرنے والے دو ڈاکوﺅں کو تشدد کرکے ہلاک کرنے کے بعد نعشیں تیل چھڑک کر جلا ڈالیں۔ ذرائع کے مطابق تین افراد نے اینٹی کار لفٹنگ پولیس کے سب انسپکٹر ناصر عباس کو کورنگی کے علاقے میں قائم باقری پٹرول پمپ کے قریب روکا اور لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زخمی پولیس افسر کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ واقعہ کے فوری بعد شہریوں کے ایک ہجوم نے موقع پر جمع ہو کر پولیس افسر کو گولی کا نشانہ بنانے والے دو حملہ آوروں کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ مشتعل افراد نے ڈاکوﺅں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی نعشوں کو آگ بھی لگا دی تاہم کورنگی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او خان محمد شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ مشتعل ہجوم نے نعشوں کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی تاہم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا، مرنیوالے ڈاکوﺅں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوﺅں کی نعشوں کو جلانے کے نشانات موجود ہیں۔ دوسری طرف اتحاد ٹاﺅن میں انسداد دہشت گردی سیل اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 3دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس سے 2اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے 2دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔
کراچی/ ڈاکو جلا دئیے