لندن (نیٹ نیوز+ اے ایف پی) ننھی شہزادی کی پیدائش پر برطانیہ بھر میں جشن جاری ہے، لندن کی تاریخی عمارتیں رات بھر گلابی روشنیوں سے جگمگاتی رہیں۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے ہاں بچی کی پیدائش نے برطانوی شہریوں کو خوشی سے نہال کر دیا ہے۔ شہزادی کی آمد کی خبر سن کر نہ صرف ہسپتال بلکہ شاہی محل کے باہر بھی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ ولیم اور کیٹ نے پہلا دن اپنی بیٹی کے ساتھ گھر میں ہی گزارا۔ امریکی صدر بارک اوباما اور انکی اہلیہ مشل نے بھی ننھی برطانوی شہزادی کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ میں نومولود شہزادی کے نام کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں اور مختلف ناموں پر جوا لگایا جا رہا ہے۔ ہفتہ کے روز پیدا ہونیوالی شہزادی کیلئے شارلٹ کا نام پسندیدہ قراردیا جارہا ہے۔ دوسرا مقبول نام الائس ہے۔ شارلٹ کیلئے ووٹ 3/1 ہے یعنی چار میں سے ایک یا 25 فیصد امکان ہے کہ نومولود کا نام شارلٹ رکھا جائے گا۔ الائس 4/2 وکٹوریا 5/1، اولیویا 6/1 ایلزبتھ 7/1 کی نسبت سے پسندیدہ قرار دئیے جا رہے ہیں۔ 11 میں سے ایک ووٹ ڈیانا کے حق میں بھی ہے۔
ننھی شہزادی
ننھی شہزادی کی آمد پر برطانیہ میں جشن جاری، اوباما، مشعل کا بھی اظہار مسرت
May 04, 2015