لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق صوبائی وزیر زراعت اور مسلم لیگ (ن) ضلع لیہ کے صدر ملک احمد علی اولکھ نے کہا ہے کہ ٹراما سنٹر اور تحصیل لیول ہسپتال کا منصوبہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے پانچ سالہ دور میں اس منصوبہ پر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوا تھا۔ وہ گزشتہ روز نوائے وقت کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ ملک احمد علی اولکھ نے کہاکہ چودھری پرویزالٰہی غلط بیانی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ بھلا ان کو کون سمجھائے کہ ٹراما سنٹر ایکسیڈنٹ کیسز کے علاج کیلئے ہوتے ہیں جبکہ لیہ کے نواحی چک میں اموات زہریلی مٹھائی سے ہوئیں جن کا ٹراما سنٹر میں علاج نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس سانحہ کے ابتدائی ایام میں سرکاری ہسپتالوں میں متاثرین اور ان کے لواحقین کو جو شکایات ہوئیں‘ ان کی باقاعدہ انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔