لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی پاکستان کیخلاف سازشیں دم توڑ رہی ہیں، بلوچستان کے جن علاقوں میں پاکستان مخالف نعرے لگتے تھے آج وہاں پاکستان زندہ باد اور ملک کے حق میں ریلیاں نکل رہی ہیں، وطن عزیز سے صوبائی عصبیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کی برائیاں ختم ہونی چائیں، تھرپارکر، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں فلاح انسانیت فاونڈیشن عوامی فلاح وبہبود کے سینکڑوں پراجیکٹس پر کام کررہی ہے۔ وہ جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام چوک کچہری ملتان میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ضلعی،تحصیلی و شعبہ جاتی ذمہ داروں کے اجتماع سے خطاب اور بعدازاں شمس آباد کالونی ملتان میں فلاح انسانیت فاونڈیشن کے 50بیڈ کے نئے زیرتعمیر ہسپتال کا جائزہ لینے کے بعد گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا صوبائی عصبیت اور لسانیت کی بنیاد پر اب بھی سازشیں ہورہی ہیں۔ بعض لوگ انڈیا سے تنخواہ لیکر پاکستان کیخلاف سازشیں کررہے ہیں۔ مغربی این جی اوز رفاہی سرگرمیوں کی آڑ میں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔ رفاہی میدان میں سرگرمیوں سے ہی ملک دشمن قوتوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔مسلمان رفاہی میدان میں پیچھے رہیں گے تو مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا۔ فرقہ واریت اور سیکولر ازم نے مسلمانوں کی اجتماعیت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ قرآن و سنت کی بنیاد پر تعلیم و تربیت سے معاشرے کی اصلاح ہو گی۔ جب تک مسلم حکمران کفار کی غلامیوں میں مبتلا رہیں گے وہ الجھتے جائیں گے پریشانیاں بڑھتی جائیں گی اور مسلمان ملکوں میں خوف و دہشت کی کیفیت ختم نہیں ہو گی۔
-ملک دشمن عناصر کی پاکستان کیخلاف سازشیں دم توڑ رہی ہیں: حافظ سعید
May 04, 2016